ماؤں کے دن پہ کچھ اُنکے لیے جو ماں نہیں
اگر تم ماں نہیں ہو تو
پھر بھی قیمتی ہو تم
مدرز ڈے کے ساتھ ساتھ
ہر دن پھر بھی تمہارا ہے!
تمہارے ہونے سے قائم
رونق اس جہاں کی ہے
تمہارے دم سے رواں
کارواں یہ سارا ہے
میری جاں جانتی ہوں میں!
تمہیں اس درد کی خواہش ہے
وہ درد کہ جس میں
بیس ہڈیاں جسم کی
جیسے ایک ساتھ ٹوٹ جاتی ہیں
وہ درد کہ جسکی قیمت
فقط ایک قلقاری ہے
وہ ایک آواز ،ایک صدا
جو ہر تکلیف
ہر ازیت پہ بھاری ہے
لیکن تمہارا درد پھر بھی
اس سے کہیں بڑھ کر ہے
کہ ہر پل ایک اُمید
اِک اِنتظار کی ازیت
تمہارا درد مسلسل ہے
کہ ہر وقت کی سوالیہ نظریں
ٹٹولتی آنکھیں
اور کسی کا یہ پوچھنا کہ
“کسی کو دکھایا کیا؟”
تمہیں بہتان لگتے ہیں
دل کو چیر دیتے ہیں
لیکن سنو!
ذرا سوچو
کائنات کی وسعتوں میں
یہ زندگی ایک تحفہ ہے
اور بھی بہت سے کام ہونگے
جوخدا کو تم سے لینے ہیں
قدموں تلے جنّت نہیں پر
کیا آسمانوں کی بھی
کوئی حد ہے؟
ذرا سوچو
تمہارا ہونا کیا
اِک رشتے سے ہٹ کے
بلکل بے مقصد ہے ؟
زندگی کے رنگوں میں
اِک شیڈ جو کم ہو تو
دھنک پھر بھی سنورتی ہے
اگر ماں نہیں ہو
تو بھی قیمتی ہو تم
کہ زندگی تمہارے گرد
پھر بھی رقص کرتی ہے…
Happy Mother’s Day to everyone
قرۃ العین صبا
Mother’s Day Poetry
(Visited 1 times, 1 visits today)