رات ہی کو بیٹی صاحبہ نے اعلان کر دیا کہ کل میں اسکول نہیں جاؤنگی، کل ہم bonding day کریں گے۔
اب یہ کیا ہے ؟ کوئی نیا دن ایجاد ہو گیا کیا؟
کل ہم بس ساتھ ٹائم گزاریں گے میں اسکول نہیں جاؤنگی
جی نہیں
Everyday is a bonding day
ہم نے ویسے ہی جواب دیا جیسے بہُت سارے لوگ جو سارا سال بھی کوئی تحفہ نہیں دیتے اور مدرز ڈے پہ بھی
Every day is a mother’s Day
کہہ کر جان چھڑا لیتے ہیں.
نہیں کل بس میں چھٹی کرونگی.
کل آپ میں اور ابا ناشتہ کرنے چلیں گے پھر میں آپ کے ساتھ “انڈیگو” جاؤنگی کتابیں خریدونگی.
یہ بچی بچپن سے ہی ایسی ہے، جب پانچ سال کی تھی اور کنڈر گارٹن میں پڑھتی تھی تو ایک دن صبح اُٹھ کے کہنے لگی کہ آج میں اسکول نہیں جاؤنگی، آج میں گھر میں “فن” کرونگی.
ہم تھوڑے حیرت میں پڑ گئے کہ یہ معاملہ کیا ہے ایسے ڈنکے کی چوٹ پہ الاعلان چھٹی بھی کوئی کرتا ہے بھلا؟ بچپن میں جب خود بھی اسکول کی چھٹی کرنی ہو تو، طبیعت خرابی، پیٹ اور سر درد کے بہانے ہی سوجھا کرتے تھے۔
باقی بچوں کو بھی ہمیشہ ایسا ہی کرتے سنا اور دیکھا (یہ اور بات ہے کہ بعد میں سب گھر میں اور باہر چھٹی کر کے فن ہی کرتے تھے اور جس قسم كا بھی درد ہو اسکول کا وقت شروع ہوتے ہے رفع دفع ہو جاتا تھا) لیکن اس عجیب سی فرمائش کا یہ پہلا موقع تھا۔
باہمی مشورے کے بعد ہے فیصلہ ہوا کہ چھٹی کروا دی جائے اور دیکھیں تو ایک دن جیو کی ساتھ کی یہ “فن” ایپی سوڈ کیسی رہتی ہے۔۔
ابّا نے آفس پہنچ کے فون کیا کیوں بھئی کیا فن ہو رہا ہے، ہماری ہنسی چھوٹ گئی، ،محترمہ اسکول کی فکر سے بے نیاز اہتمام سے انڈا ڈبل روٹی کھا رہی تھیں پھر مزے سے اپنی پسند کے کارٹون دیکھے، پینٹنگ ڈرائنگ کی اور اپنی مرضی کا دِن گزارا۔
جب کل یہ بونڈنگ ڈے کا ذکر آیا تو وہی یاد آگیا۔
اچھا ٹھیک ہے ،ہم مان گئے، پڑھائی کا معاملہ ٹھیک چل رہا ہو تو کبھی کبھار ایسی فرمائشیں ماننے میں کوئی قباحت نہیں۔یوں بھی شاید ہر بچہ چاہتا ہے کہ والدین کبھی کبھی بہن بھائیوں سے ہٹ کر بلا شراکت صرف اسکو وقت دیں۔
تو صبح اٹھیں، فرمائش کے مطابق ناشتے میں ہمارے ساتھ پین کیک کھانے گئیں، پھر کتابوں کے اسٹور میں گھنٹہ ڈیڑھ گھنٹہ گزار کے اپنے لیے اور اپنی دوست کو سالگرہ پہ دینے کے لیے ایک کتاب خریدی اور گھر سدھاریں۔
کیوں بھئی ہو گیا بونڈنگ ڈے؟ جی بہُت خوش تھیں۔
چلو اب ایسا کرو گھر میں ہو تو جلدی سے پونچھا لگا دو، جمعے کو صاف ستھرا گھر اچھا لگتا ہے
مجھے بھی ایسے والے بونڈنگ ڈیز بہُت پسند ہیں
Bonding day ended well
Bachey shock Amma rocks