بچپن اسپیشل ہوتا ہے

تحریر: قرۃ العین صبا
*
یہ جو بچپن ہوتا ہے یہ صرف بچپن نہیں ہوتا.یہ بہت خاص زمانہ ہوتا ہے ۔اسوقت ذہن کے دریچوں پہ کہانیاں لکھی جا رہی ہوتی ہیں۔روز مرہ کے واقعات کے تانے بانے بننے جا رہے ہوتے ہیں ۔کونسی کتاب پڑھی،کونسا ڈراما دیکھا ،کونسی فلم نظروں سے گزری،کونسا رشتہ کیسے پیش آیا،کس نے کیا کہا ،کس نے کیسا لہجہ اپنایا،کس نے طنز کیا کس نے ذو معنی بات کی ،کس نے مذاق کیا اور کس نے مذاق اڑایا۔
بچپن میں آس پاس گنگنائے ہوئے نغنے،بارشیں، گیلی مٹی سے اڑنے والی خوشبوئیں،بدلتے موسم،آسمان پہ بکھرنے والے سیکڑوں رنگ اور بادلوں کے تیرتے ٹکڑے ذہن کے ننھے کینوسوں پہ طرح طرح کی تصویریں بنا رہے ہوتے ہیں ۔اسی طرح تاروں بھری راتوں میں سنائی گئی کہانیاں،آس پاس رونما ہونے والے واقعات اور روز مرہ گھر والوں کے درمیان آپس میں ہونے والی چھیڑ چھاڑ اور لطیفے ہر چیز کچھ نہ کچھ سکھا رہی ہوتی ہے یا پھر ذہن کی کوری سلیٹوں پہ اپنا نقش چھوڑ رہی ہوتی ہے اور یہ سارے اثرات آہستہ آہستہ شخصیت کی تعمیر کرنے ساتھ ساتھ یادوں کا ایک پورا جہاں آباد کر رہے ہوتے ہیں جنہیں آگے چل کے بڑے ہو جانے کے بعد ہمارا ناسٹلجیا بن جانا ہوتا ہے۔
ذرا تھوڑی دیر یادوں کی کھڑکی سے جھانک کر دیکھیں آپکو جتنی بھی تلخ یا اچھی باتیں فوراََ یاد آئینگی وہ سب کی سب ہوش سنبھالنے سے لے کر لڑکپن تک کی ہونگی ۔اُسکے بعد کا وقت جتنی خوبصورتی یا تلخی سے مزین ہوگا اسمیں کہیں نہ کہیں آپکا اپنا ہاتھ یا سمجھ بوجھ بھی شامل ہوگی اسلیے بچپن کا زمانہ ایسا وقت ہے جسے “بڑے” اپنے بچو ں کے لئے بدصورت یا خوبصورت بناتے ہیں اور اُنہیں خوشگوار ماضی کی شکل میں یادوں کے ایک خزانے کا تحفہ دیتے ہیں ۔
مستقبل تو ہمارے اختیار میں نہیں لیکن ایک خوشگوار ماضی بنانا ہمارے اختیار میں ہوتا ہےجو کہ ہر انسان کے ساتھ ہمیشہ رہتا ہے ۔
اب یہ ہمارے اوپر منحصر ہے کے ہم اس وقت کو ہر وقت کی ڈانٹ پھٹکار،ہےجا گھرکیوں،مار پیٹ، بیزاری،بے عزتیوں،بے تکے موازنے اور چیخ پکار کی تلخ یادوں سے بھر دیں یا پھر دوستی،محبت،ساتھ گزارے خوشگوار لمحوں ،گھوم پھر کے ساتھ جمع کی گئی کہانیوں،ہنسی مذاق اور رشتوں کی خوشبوؤں سے سجا کر ہمیشہ کے لیے ایک خوبصورت مسکراہٹ کا سبب بنا دیں۔
اپنے بچوں کو خوبصورت اور خوشگوار ماضی دینے کی کوشش کریں تاکہ مستقبل میں کبھی کہیں زندگی کے اداس اور تاریک لمحوں سے واسطہ پڑ ے تو وہ اچھی یادوں کے یہ ننھے ننھے دیے جلا کر اپنے آس پاس روشنی پھیلا سکیں اور آپکو اچھے لفظوں میں یاد رکھیں۔

(Visited 1 times, 1 visits today)

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *