بہت نا انصافی ہے یہ!

ذرا سوچیں آپ اتنی محنتوں سے گھنٹوں لگا کے ویڈیوز بنائیں ،اپنے سفر اور اور خاص موقعوں کو وی لاگ کی صورت قید کریں،اپنی تحریروں کو پوڈکاسٹ میں سموئیں لیکن وہ آپ کی خیال فیملی تک ہی نہ پہنچے ،یعنی جو لوگ شوق اور محبت سے دیکھتے ہیں اور آپ کے “خیال” کے لیے دل میں نرم گوشہِ رکھتے ہیں اُن سے آپکا تعلق منقطع کر دیا جائے یہ ناانصافی نہیں تو اور کیا ہے؟
تو آج جب میاں صاحب نے صبح صبح یہ اعلان کیا کہ تمہاری پوسٹ میرے پاس آنا بند ہو گئی ہیں تو فدویه نے دل پکڑ لیا کہ فیس بک تم آخر یہ کیسے کر سکتے ہو؟یعنی بیوی کی پوسٹ میاں کو دکھانا بند کر دییں جہاں سے دراصل ہر پوسٹ شئر کی جاتی ہے ۔
جب سے اپنے یوٹیوب چینل کو دھکا لگایا ہے فیس بک کے رویے میں کچھ ایسا بدلاؤ محسوس ہو رہا تھا جو عموماً ساس کی چہیتی جیٹھانی، نئی دیورانی کے گھر آنے پہ محسوس کرتی ہے یعنی سرد مہری ،نئے آنے والے کی موقع بے موقع تعریفیں اور خواہ مخواں کی آؤ بھگت (حالانکہ تھوڑے دن بعد اسے بھی پرانا ہو جانا ہے اور اُسکا حال بھی کچھ خاص مختلف نہیں ہونا ہوتا)
خیر تو اس بے رخی کی وجہ ہم سمجھنے سے قاصر تھے
لیکن محسوس یہ ہو رہا تھا کہ ہم خیالوں تک تحریریں پہنچنا کچھ بند ہو گئی ہیں اور رابطوں میں کچھ فنی خرابی آ گئی ہے ۔
راز یہ کھلا کے یہ دوریاں دراصل صرف ہم خیالوں اور میاں بیوی میں نہیں بلکہ دانستہ طور پہ یوٹیوب اور فیسبک کی آپس کی ناچاقی یا سرد مہری کا نتیجہ ہیں ۔جیسے خاندان میں کوئی شادی ہو رہی ہو اور کوئی بڑے ابّا یا تایا جی اعلان کر دیں کہ جو کوئی فلاں کی شادی میں شریک ہوا تو ہم سے پھر کوئی ملنا ملانا اور اُمید نہ رکھے۔۔ اور سارے چھوٹے تایا جی کا لحاظ کرتے ہوئے چاہنے کے باوجود شادی کی خوشی سے محروم ہو کے اپنے اپنے حجروں میں دبک جائیں (ہوتا یہ ہے کہ تایا جی کے گزرنے کی دیر ہوتی ہے اور پھر سب اسی گھر کی دوسری شادی میں لڈیاں اور بھنگڑے ڈال رہے ہوتے ہیں اور تایا جی سب کے گناہوں کا کچھ حصہ اپنے ساتھ لے کے خالق حقیقی سے جا ملتے ہیں)
مختصر یہ اگر آپ یو ٹیوب کے لنک اپنی فیس بک کی پوسٹ میں شیئر کرنا شروع کر دیں تو فیس بک آپکی بات آپ کے اپنوں تک پہنچانا بند کر دیتا ہے ۔
تو جب تک میں اپنے یوٹیوب لنک آپ کے ساتھ شئر کرنے کا کوئی مؤثر طریقہ تلاش کروں کہ فیس بک کے تایا جی ناراض نہ ہو، آپ یہ کریں کہ
اگر یہ پوسٹ آپ پڑھ پا رہے ہیں تو مجھے کمنٹ میں ضرور بتائیں یا پھر لائیک کر دیں۔
دوسرا اگر کچھ دن سے آپ کی نظر سے میری پوسٹس نہیں گزریں تو آپ پیج پہ اسكرول کر کے ضرور دیکھ لیں تاکہ آئندہ بھی آپکو پوسٹ ملتی رہیں۔
تیسرا یہ کہ یو ٹیوب پہ Khayal by Saba لکھ کے سرچ کریں اور اور کسی بھی وڈیو پہ کلک کریں ،اس سے دونوں سالہ بہنوئی میرا مطلب ہے فیس بک اور یو ٹیوب کے تعلقات میں نرمی آئیگی اور میرے خیال کا بھی کچھ بھلا ہو جائیگا۔
مزید یہ کہ دوسروں کی خاطر بیکار کی ناچاقیوں، سرد مہری اور قطع تعلق سے دور رہیں۔اس سے کسی کا بھلا نہیں ہونے والا
اس سلسلے میں آپ کو کوئی مزید معلومات ہو تو مجھے ضرور بتائیں ۔
آپکی محبتوں اور محنتوں کا بہت شکریہ
*
تصویر نیاگرا پہ واقع الٹے گھر کی ہے ۔ان ٹیکنیکل جھگڑوں میں کام کرتے ہوئے میں کبھی کبھی ایسا ہی محسوس کرنے لگتی ہوں

(Visited 1 times, 1 visits today)

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *