دوستی کیا ہے؟
دوست کون ہوتا ہے؟
ہمارے آس پاس بسنے والے اور ہمارے ساتھ چلنے والے کیا سب دوست ہوتے ہیں اور کیا ہمیں سب کی ضرورت ہوتی ہے؟
دوست وہ جو مشکل میں کام آئے ، اور اگر کسی وجہ سے کام نہ آ سکے تو پھر؟
مسئلہ یہ ہے کہ ہم کسی سے کوئی رشتہ جوڑتے نہیں کہ اس سے اپنی توقعات اور امیدیں باندھنے بیٹھ جاتے ہیں۔
میرے نزدیک خود آگاہی کا سفر دوستی ہے۔ سب سے پہلے خود کو پہچانیں ، اپنے آپ سے دوستی کریں، خود سے محبت کریں۔ جب اندر کھڑکی کھل جائیگی اور تازہ ہوا کا گزر ہوگا تو خود بہ خود ہی ہر چیز روشن ہوتی چلی جاے گی۔ آپ سہارے تلاش کرنا چھوڑ دیں گے ۔امیدیں باندھنا اور توقعات رکھنا چھوڑ دیں گے اور جب آپ یہ سب چھوڑ دیں گے تو آپکو نہ صرف دوستوں سے بلکہ کسی سے بھی کوئی شکایت ہوگی نہ کوئی دکھ پہنچے گا اور آپکی خوشی کسی دوسرے کے ہاتھ میں نہیں ہوگی۔
آپ لوگوں کی محبت کو حق نہیں بلکہ احسان سمجھ کے وصول کریں گے اور شکر گزار بھی ہوں گے۔
کچھ لوگ دوست تو بن جاتے ہیں لیکن اُنکی دوستی آپکی سمت بدل دیتی ہے۔ جیسے کسی کے ساتھ بیٹھتے ہی غیبت کا موضوع چھڑ جائے، کبھی کبھی دل ہلکا کرنا الگ بات ہے لیکن جو ہر وقت مصیبتوں کی پٹاری کھولے خود ترسی کا شکار ہو اور خود ساختہ مسئلوں کا ڈھول پیٹتا رہے وہ دراصل دوست نہیں ایک مسلسل ذہنی تکلیف کا ایوینو ہے۔
مجھے شکایتی دوستوں سے چڑ ہے، مثلاً جن سے ملیں تو یہ خدشہ ہو کہ اب کوئی شکوہ یا شکایت طنز کی صورت آ جائے گا۔ دوست تو وہ کہ جس سے مل کے آئیں تو طبیعت خوشگوار ہو جائے اور یہ تازگی تا دیر برقرار رہے. جس کے ساتھ بے فکر ہو کے ہنس سکیں اور اچھی یادیں بن سکیں۔ مشورہ چاہیں تو پتہ ہو کہ مثبت اور صحیح مشورہ ملے گا۔
ساتھ چلیں، ہنسیں بولیں اچھا وقت گزاریں، دوسروں کے لیے آسان بنیں، کسی صورت کام آ سکیں تو آئیں اور بس ،نہ اپنی دوستی کو کسی کے لیے آزار بنائیں نہ خود دوستی کے نام پہ بوجھ بنیں۔بس یہی دوستی ہے۔
آپ کے خیال سے دوستی کیا ہے ؟
دوستی
(Visited 1 times, 1 visits today)