Celebrity Lookalike Challenge

ایک تو نت نئے سوشل میڈیا چیلنجوں نے سب کی مت ماری ہوئی ہے۔ایک ٹرینڈ چلا نہیں کہ سب دوڑ پڑے۔
چلو کچھ ایکٹیویٹیز تو ماحول ہلکا پھلکا کر دیتی ہیں جیسے دس سال پرانی تصویر کو بہن بھائیوں نے دوبارہ اسی انداز سے کھچوایا( حالانکہ ایسے چیلنجز کے پیچھے آرٹیفیشل انٹیلیجنس یعنی مشین کی مصنوعی ذہانت کو عقل مند بنانے کی مشق کارفرما ہوتی ہے)۔ پچھلے دنوں ڈالگونہ کافی چل پڑی تھی ،کچھ دِنوں سے ٹورٹیلا کے تکونے رول ٹرینڈنگ ہیں لیکن یہ “سلیبرٹی لک الائیک چیلنج” نے حد کی ہوئی ہے ،مختلف گروپس پہ خواتین کسی مشہور اداکارہ یا ماڈل کے ساتھ اپنی تصویر پوسٹ کر رہی ہیں اور پھر پوچھتی ہیں کہ کیا میں اسمیں ملتی ہوں؟
سو میں سے دو ہونگی جنکی واقعی کہیں شباہت جھلکتی نظر آتی ہے باقیوں نے کترینہ کیف، کرینہ کپور اور پتا نہیں کس کس کے ساتھ اپنی تصویریں لگا کے اپنا مذاق بنایا ہوا ہے۔
لوگ بھی بڑے ظالم ہیں، پہلے ہی كووڈ کی وجہ سے سب ہی عجیب سی اداسی کا شکار ہیں اوپر سے ایسے موقعوں پہ اتنا سچ بولا جاتا ہے کہ کبھی زندگی میں نہ بولا گیا ہو نتیجتاً اچھا خاصا مذاق بنا ڈالتے ہیں جو دل آزاری کا باعث ہوتا ہے۔ارے بھئی تکلیف دہ کمنٹ سے بہتر ہے کہ کچھ نہ لکھو۔ضروری ہے کہ دل آزاری کی جائے؟
سچ کہوں تو کئی چہرے ماڈلز اور فلمی اداکاراؤں کے حُسن کو مات کرتے نظر آتے ہیں لیکن جانے کیوں کسی مشہور شخصیت سے مماثلت اُنہیں خوشی دیتی ہے ۔
سنیئے! آپ حسین ہیں، آپ خوبصورت ہیں اور آپ بہت حسین نہ بھی ہوں، کسی سلیبرٹی میں ملیں نہ ملیں، آپ اپنے انداز ،اطوار اور خوبیوں کی بنا پہ خاص ہیں اور اسکے لیے آپکو دوسروں کی داد و تحسین کی ضرورت نہیں ہے۔ اپنے اعتماد اور خوشی کو دوسروں کے منفی تبصروں کی بھینٹ نہ چڑھائیں۔

You don’t deserve this!..
#celebritylookalikechallenge

قرۃ العین صبا

(Visited 6 times, 1 visits today)

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *