بقرعید،لاری اڈہ اور خلیفہ

پردیس کی عید اگر چھٹی کے دن نہ پڑے تو عید محسوس کرنا اور کروانا بڑا مشکل ہو جاتا ہے،کوئی ایک دن کی چھٹی لے لیتا کوئی آدھے دن کی اور کسی کے لئے چھٹی لینا بھی ممکن نہیں ہوتا تو الصبح عید کی نماز پڑھ کے آفس کا رخ کرنا پڑتا ہے،یہی صورتحال ملنے ملانے اور دعوتوں میں بھی درپیش آتی ہے، ہفتہ اتوار پڑنے والی عید میں جو اہتمام و طعام دو تین دن جاری رہتا ہے وہ سمٹ کے ایک وقت پہ محیط ہو جاتا ہے،کچھ ایسا ہی اس عید پہ بھی ہوا تو ہم نے اپنی خاموش سی عید کی شام میں “لاری اڈے “ کا رخ کیا جس کا چرچا کئ لوگوں سے سن چکے تھے،لاری اڈہ مسی ساگا کے دیسی رسٹورنٹس میں ایک دلچسپ اضافہ ہےجسکا ماحول پاکستانی طرز کے لاری اڈوں سے متاثر ہے،مرکزی دیوار پہ روایتی ٹرک ڈرائیور کا رنگ برنگا میورل،چمکتی دمکتی پاکستان کی سبز جھنڈیاں اور دیواروں پہ لاریوں اور ٹرکوں پہ لکھی جانےوالی تحریریں جو اب قدرے ماڈرن شکل اختیار کر چکی ہیں رسٹورنٹ کے ماحول میں پاکستانی خوشبو گھولتی دکھائی دیتی ہیں جسے پردیس میں محسوس کرنا یقیناخوشگوار تجربہ ہے،یہ تجربہ اسوقت مزید دلچسپ ہو گیا جب جمیکن خدوخال رکھنے والے “خلیفہ” نےاپنی کھڑی کھڑی اردو کے ساتھ “انشااللہ” کا لاحقہ لگا کے ہمارا آڈر لیا۔اردو جو اپنے وطن میں آہستہ آہستہ متروک ہوتی جا رہی ہے اسےکینیڈین عید کی شام جمیکن لہجے میں سن کے بڑا لطف آیا،ہمارے استسفار پہ خلیفہ نے بتایا کہ “میں ابھی اردو سیکھ رہا ہے” اور“میرا ابو گھانا سے ہے اور میرا امی جمیکا سے ہے”،ہمارے میاں صاحب نے خلیفہ سےپوچھا کہ کیا اسے اسکے نام کا مطلب آتا ہے اور اسکے بتانے پر اسے دوست احباب میں استعمال ہونے والے لفظ “خلیفہ” کا مطلب بھی بتانے کی کوشش کی :)، کھانا مزے کا تھااور پیشکش میں بھی نفاست تھی، فرنچ فرائز پہ چھڑکے مصالحے نے ہمیں اپنے ڈی۔ایچ۔اے کالج کےچٹ پٹے فرائز کی یاد دلا دی ،آخر میں خلیفہ نے درخواست کی کہ اگر کھانا پسند آے تو ریویو لکھیں اور اسکا نام بھی مینشن کریں ،ہم نے پیشکش کی کہ ہم اسکی تصویر بھی ساتھ شئر کر دیتے ہیں تو وہ باقاعدہ شرما گیا اور کہا “نہیں ہم تو بہت شرمندہ ہو جاے گا” اور ہم سب بے اختیار مسکرا دیے۔ ہمیں پتہ بھی نہیں چلتا کہ ہماری چھوٹی چھوٹی مسرتوں میں کب کون اپنا حصہ ڈال جاتا ہے، خوش رہیے، خوش رکھیے!

Video Link: https://www.youtube.com/watch?v=V2Rjfm4wgo4
(Visited 1 times, 1 visits today)

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *