مائک کا سفر

پہلی بار مائک سے محبت کب ہوئی یہ تو یاد نہیں لیکن اسکول سے لے کے یونیورسٹی کے سفر تک اسٹیج اور مائک ہمارے پکّے دوست بن گئے۔ہجوم میں گم جانا فدویہ کو کبھی پسند نہیں آیا یہی وجہ تھی کہ اسکول کی اسمبلی ہو یا کوئی اور فنکشن ہماری بھرپور کوشش ہوتی کہ کوئی نہ کوئی رول ضرور ہاتھ لگ جائے ۔
کبھی تو چانس مل جاتا کبھی کبھی ٹیچرز فیوریٹ ازم کی بنیادوں پہ اور بچوں کو آگے لے آتیں تو بڑی دل آزاری ہوتی لیکن ہم نے ہمت نہ ہاری اور سفر جاری رہا۔
اب سوچو تو دکھ بھی ہوتا ہے کہ ناقدری کی حد ہے کہ کوئی بچہ خود شوق اور جذبہ ظاہر کرے لیکن پھر بھی اسے پیچھے دھکیل دیا جائے ،آج کی زبان میں یہ بلینگ کے زمرے میں آتا ہے لیکن سچی بات تو یہ ہے کہ اوسط درجے کے اسکول میں چند ایک کے علاوہ جو بھی ٹیچر آتے جاتے تھے وہ سب اپنے انٹر کی چھٹیوں یا گریجویشن کے نتیجے کے انتظار میں ٹیچر بن جاتے تھے ،ایجوکیشن کی ٹریننگ کا تو ویسے بھی ہمارے ہاں کوئی خاص نظام نہیں ہے ۔زیادہ تر کا مقصد دل پیشوری ہوتا تھا ۔
ایک بار اسکول میں میلاد منعقد ہوا۔جوشیلی تقریریں ہمیں اسوقت بھی مصنوعی معلوم ہوتی تھیں لیکن ہوسٹنگ میں مزا آتا تھا۔میلاد میں روایت پڑھنے کے لیے آڈیشن دیا تو مس نے کسی بھی تصیح کے بغیر ریجیکٹ کر دیا۔بعد میں پتہ چلا کہ روایت اُنہیں خود پڑھنی تھی۔اسی طرح نویں کلاس میں جب میزبانی کی باری آئی تو دو اساتذہ نے بڑے دوستانہ انداز میں سمجھایا “دیکھیں آپ سے میزبانی کا کہیں تو آپ منع کر دیجئے گا ” غالبا اسٹاف روم میں یہ بات زیرِ بحث آئی ہوگی ہماری کچھ سمجھ نہیں آیا ،ہم سے کسی نے پوچھا تو نہیں لیکن پروگرام کی ہوسٹنگ بعد میں اُن ہی دونوں ٹیچرز نے کی ۔ہمارے حصے میں دسویں جماعت کے ٹائٹل آئے۔اُن دِنوں ہر ایک کی شخصیت کے مطابق اشعار منتخب کر کے ٹائٹل دیے جاتے تھے جو ایک بہت ہی خوبصورت روایت تھی ۔
پہلی بار اپنی آواز مائک میں اچھی لگی، بعد میں کچھ اساتذہ نے بھی سراہا اور ایک ٹیچر کا یہ کہنا کہ میزبانی آپکو کرنی چاہیے تھی گویا ہمارا سیروں خون بڑھا گیا ۔وہ ٹیچر کچھ ہی دن کے لیے اسکول میں آئے تھے لیکن اُنکے اس ایک جملے نے اتنی زیادہ ہمت بندھائی کہ بس اسکے بعد آپکی باجی چل پڑی اور پھر نہ رکی ۔
میڑک میں فیرویل کی میزبانی کی پھر یونیورسٹی میں کئی پروگرام اب بلاگ ، پوڈکاسٹنگ, بزمِ خیال سوشل میڈیا ۔
اگر آپ ٹیچر ہیں تو جان لیں کہ آپ کا ایک حوصلہ افزا یا منفی تبصرہ کسی کی پوری زندگی پہ منفی یا مثبت اثر ڈال سکتا ہے اور ہمیشہ کے لیے اچھی یا بری یاد بن جاتا ہے ۔
پہلی تصویر نویں جماعت کی فیئرویل پارٹی کی ہے ،دوسری یونیورسٹی کی اور تیسری اور چوتھی یونیورسٹی المنائی ڈنر کی ،پانچویں ایک شادی کی اور آخری دو “بزمِ خیال” کی ۔

#HappyTeachersDay
#TeachersDaySpecial
#PublicSpeaking
#khayalbysaba
(Visited 10 times, 1 visits today)

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *