مائیں، بہنیں، بیٹیوں کے رشتے تو سراپا محبت ہوتے ہیں
آج عالمی یومِ خواتین کچھ دوسرے رشتوں کے نام کرتے ہیں جو اکثر ایسے موقعوں پہ نظر انداز کر دیے جاتے ہیں۔
آج کا دن!
اُن ساسوں کے نام جو اپنی زندگی بھر کی محنت ایک نئی لڑکی کو سونپ کر اُسکا خراج لینے کے بجائے محبت اور شفقت بانٹتی ہیں۔ جو اسوقت نرمی کا مظاہرہ کرتی ہیں جب جسم میں توانائی، آواز میں دم خم اور گھر کی حکمرانی اُن کے پاس ہو کہ حکمران معزول ہو کر تو اکثر ہی عاجز ہو جاتے ہیں۔
جو گھر کا بڑا ہونے کے ناطے اپنی ضدیں منوانے کے بجائے اپنی توانائیاں گھر میں امن اور توازن قائم رکھنے میں صرف کرتی ہیں اور معاون اور مددگار ثابت ہوتی ہیں۔
اُن بہووں کے نام جو اپنے گھر میں شہزادیوں کی طرح رہتی ہیں اپنی پسند نا پسند کے معاملے میں بے انتہا ٹچی ہوتی ہیں اور سسرال آ کے اپنی پسند کی بہُت سی چیزوں کو چپ چاپ چھوڑ کے وہیں کے ریت رواج اپنا لیتی ہیں
جو میکے میں سسرال کی عزت اور سسرال میں میکے کی عزت بنانے میں ہلکان رہتی ہیں، اپنے گھر میں جن کھانوں پہ ناک بھووں چڑھاتی ہیں میاں کے گھر میں ،
وہی سب کے ساتھ شوق اور رغبت سے کھاتی ہیں۔ جو سخت رویوں کے باوجود بھی سسرال والوں کے لیے دل کشادہ رکھتی ہیں جو کہ بڑے دل گردے کا کام ہے۔
اُن بھابیوں کے نام جو ساس سسر کے گزر جانے کے باوجود نندوں کے لیے ماتھے پہ شکن لائے بغیر اپنے گھر کے دروازے کھلے رکھتی ہیں تاکہ اُنکے میکے کا مان قائم رہے۔جو اپنی من پسند چیزوں کو سینت سینت کے رکھنے کے بجائے بانٹ کے کھانے کو ترجیح دیتی ہیں، جو شوہر کے ساتھ اُس کی ذمےداریاں بھی احسن طریقے سے نبھاتی ہیں اور جو رشتوں کو سامان اور چیزوں سے مقدم رکھتی ہیں ۔
اُن نندوں کے نام جو بے جا دخل اندازی اور مرچ مصالحے لگا کے جھگڑوں کو ہوا دینے کے بجائے، گھر کے رشتوں میں امن کی آشا کا کردار ادا کرتی ہیں، بھابیوں کی معاون بنتی ہیں، غلط باتوں پہ بھائیوں کی سرزش کرتی ہیں اور اپنے والدین کی بے جا طرفداری کے بجائے اُنکو اُنکے منفی رویوں کا احساس دلاتی ہیں۔
اُن دیورانیوں اور جیٹھانیوں کے نام جو گھروں میں جھوٹ اور سیاست کی ڈرامائی تشکیل کے بجائے ایک دوسرے کی عزت کو مقدم رکھتی ہیں، مقابلے بازی ،حسد، بھائیوں میں رنجشیں بڑھانے اور ذہنوں کو آلودہ کرنے کے مشن سے ہٹ کر محبت، رواداری اور سکون کو ترجیح دیتی ہیں۔
آج کا دن ان تمام مشکل رشتوں کے نام کیونکہ یہ رشتے احسن طریقے سے نبھانا بے حد کٹھن ہے، لیکن انہیں رشتوں کو توازن سے نبھانے کی بدولت ہی گھر کا سکون قائم رہتا ہے، خاندان جُڑے رہتے ہیں، صحت مند معاشرے کی تشکیل ہوتی ہے اور پھر یہی خاندان ذہنی طور پہ بیمار لوگوں کے بجائے دنیا کو سلجھے ہوئے کارآمد لوگوں کا تحفہ دیتے ہیں۔
اور ہاں آج کا دن محبت کا پیکر اُن بیویوں کے نام بھی جو “بس پانچ منٹ میں پہنچ رہا ہوں” پہ ہمیشہ آمنا صدقنا کہہ کر ایمان لے آتی ہیں اور بعد میں دیر تک خود کو ملامت کرتی ہیں
Happy Women’s Day!
قرۃ العین صبا
عالمی یومِ خواتین
(Visited 1 times, 1 visits today)