Canadian Fall

ہر موسم کی اپنی خوشبو ہوتی ہے ۔جسطرح ہر آدمی اپنا لہجہ اور مزاج رکھتا ہے موسموں میں بھی ایسے نرمی ،کرختگی ،شوخی اور مہک ہوتی ہے۔ سرد موسم میں کبھی تو ہوا بھی کچھ سبک ہو جاتی اور برف کے ننھے ننھے گالے ہاتھوں اور چہرے کو چھو کے گویا ہنس کے بکھر جاتے ہیں۔یہی جو کرخت ہو جائے تو ہوا میں بھی ایک برفیلا غُصّہ بھر جاتا ہے۔
بہار آتی ہے تو سوکھ کے ہری ہوتی گھانس کی تازگی اور نئی کونپلوں کی خوشبو ہوا میں بکھر کے نئے نئے نغمے سنانے لگتی ہے۔
گرمیوں کی شاموں کا اپنا مزاج ہوتا ہے ،لمبے لمبے دنوں میں چمکتے دن کے بعد جب تھکے تھکے بدن ڈھلنے لگتے ہیں تو شفق کے نارنجی رنگوں میں گھل کے شام جیسے آپکو آہستہ آہستہ تھپکیاں دیتے ہوئے اپنی آغوش میں لے لیتی ہے۔
اور خزاں؟ یہاں خزاں مدھم سروں میں گنگناتی نہیں بلکہ پورے سر میں گاتی ہے۔رنگ الاپ دیتے ہیں اور ہوا تان لگاتی ہیں۔ آنکھیں رنگوں سے جلتے شجروں کے شوخ رنگ دیکھ کے خیرا ہونے لگتی ہیں۔خزاں کے موسم کا اپنا فسوں ہوتا ہے ،گلابی جاڑے کے ہلکے جھونکوں میں ایک الگ سی خوشبو بسی ہوتی ہے۔رنگوں سے سجی لیکن اداس جیسے کوئی زرق برق ،بھڑکتے رنگوں سے سجی سہاگن تو ہو لیکن پیا من نہ بھائی ہو۔ حسین ،رنگین، کھلکھلاتی مگر اداس۔
اپنےبچپن میں میں نے ایک کیلنڈر پہ نارمنڈی، فرانس میں خزاں سے زرد ہوتی ایک تصویر دیکھی تھی جہاں پیلے پتوں نے پورے راستے کو ڈھانپا ہوا تھا۔”میں ایک دن اس منظر میں ضرور جاؤنگی”۔دل نے ارادہ کیا۔نارمنڈی تو نہیں جانا ہوا لیکن کینیڈا پہنچ گئے۔ اللّٰہ شکر خورے کو شکر دے ہی دیتا ہے۔ خواب ضرور دیکھنے چاہئیں، ارمان بھی رکھنے چاہئیں یہ آپکو جیتا رکھتے ہیں۔ ہمیں کراچی کے چمکتے موسموں کی عادت تھی،
شروع شروع میں خزاں اداس کر دیتی تھی ،اب بھی کبھی کبھی اندھیری شامیں فضا میں اُداسی سی گھول دیتی ہیں لیکن گزرتے وقت کے ساتھ موسم بھی دوست ہو جاتے ہیں،آپکو انکی عادت ہو جاتی ہے اور آپ انکا انتظار کرنے لگتے ہیں۔
رنگ ہی رنگ، گلابی سردی قدم بوسی کرتے موسیقی بکھیرتے نارنجی پتّے، سرخ سویٹر، پیلا اسکارف، چائے کا کپ اور لمبی واک۔
اور کیا چاہیے؟
یہ سہاگن پیا من بھائی ہو یا نہیں ،ہمیں خوب بھائی ہے۔ہر سال فال میں، میں ڈھیروں تصویریں کھینچتی ہوں لیکن جو رنگ تخلیق کار نے بکھیرے ہوں وہ کہاں تصویر میں سمٹ سکتے ہیں لیکن کیا کریں عادت سے مجبور ہیں.
میری فال فوٹوگرافی چیک کریں اور بتایئے گا کہ آپکو کونسی تصویر اچھی لگی ۔

(Visited 1 times, 1 visits today)

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *