ویکسین لگوانے کے بعد اسٹیٹس میں چپ کا ذکر کیا تو کسی نے لکھا کہ میگنیٹ لگا کے چیک کر لیں، ہم ہنسی مذاق ہی سمجھے لیکن حیرت زدہ اسوقت ہوئے جب مختلف اکائونٹس سے واٹس ایپ پہ میگنیٹ والی فارورڈڈ ویڈیوز آنا شروع ہوئیں ۔
بس پھر رہا نہ گیا!
پہلے تو مجھے کوئی یہ بتا دے کہ زیرو پوائنٹ تھری ملی لیٹر کی دوا ایک باریک سوئی کے ذریعے اندر جا کے چپ کیسے بن جائیگی؟ ایسا تو تامل یا پشتو فلموں میں بھی نہیں ہوتا ۔
دوسرا یہ کہ یہ جو چپ ہے یہ میگنیٹک چپ کیسے ہے ،چپس تو زیادہ تر سلیکون کی ہوتی ہیں اور کیا خُوب کہ دوا جادو سے گھستے ہی چپ بن گئی اور وہیں رک کےعین بازو پہ انسٹال بھی ہو گئی،( بھئ واہ! ارسلان نصیر والا )
تیسرا یہ کہ بھائی آپ میں ایسی کیا خوبی ہے جو چپ کے ذریعے آپ سے لے لی جائے گی؟ بقول جنید اکرم ” آپ کے پاس کونسا ٹیلنٹ ہے سوائے اسکے کہ خربوزہ سونگھ کے بتا دیتے ہو کہ میٹھا ہے کہ نہیں یا ایک ہاتھ سے تیزی سے یوں یوں کر کے ناڑا ڈال لیتے ہو،
علم کی آخر ایسی کونسی معراج پہ بیٹھے ہو جو بل گیٹس آپ سے لے لیگا؟
ساری عمر ایم ایس آفس کی پچیس پچیس روپے کی سی ڈیز خریدییں، اس کے سافٹ ویئر میں وائرس ڈالے اور اب بل گیٹس آپ سے آپکا علم لے لیگا؟”
اس بل گیٹس بیچارے کو فی الحال تو بخش ہی دیں ،ابھی تک وہ خود اپنی شادی ٹوٹنے کا غم منا رہا ہوگا۔اگر دماغوں کو کنٹرول کرنا اُسکے بس میں ہوتا تو سب سے پہلے اپنی بیگم میں چپ انسٹال کرواتا (کئی شوہروں کا جھوٹا خواب)
پچھلے سال ایک خاتون نے مجھ سے یہی بات کی تو میں نے اُن سے پوچھا کہ یہ بتائیں ،بل گیٹس کو کیا ضرورت ہے کہ وہ ساری دنیا کے چپس لگوائے ،اُسکے پاس تو پہلے ہی سب کچھ ہے ؟
بڑی متانت سے کچھ ایسا جواب آیا ” اب ہوس کی کوئی حد تھوڑی ہوتی ہے ”
(او بھئی مارو مجھے مارو)
آپ اشرف المخلوقات اسلیے ہیں کہ آپ کے پاس عقل ہے ، اتنے ارزاں نہ بنیں کہ ہر کوئی آپ کو ایک وڈیو بنا کے بیوقوف بنا دے۔پلیز
قرۃ العین صبا
Picture is from the message board outside the Covid vaccine clinic
*
Covid Vaccine Conspiracies
(Visited 3 times, 1 visits today)